ٹویوٹا کی نئی الیکٹرک کار کے بارے میں جانیئے

Spread the Story

ٹوکیو (جی سی این رپورٹ)ٹویوٹا عام طور پر چھوٹی گاڑیاں بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتی مگر اس کی نئی الٹرا کامپیکٹ الیکٹرک گاڑی ضرور لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنے گی۔اس گاڑی کو آئندہ ہفتے ٹوکیو موٹر شو میں متعارف کرایا جارہا ہے اور الٹرا کامپیکٹ سے کمپنی کا مطلب بہت، بہت چھوٹا ہونا ہے۔کمپنی کے مطابق یہ گاڑی شہروں کی مصروف شاہراؤں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے جو ہر عمر کے افراد کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرسکے گی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ 2 نشستوں کی گاڑی ہے جو خاص طور پر مختصر فاصلے کے سفر کے لیے تیار کی گئی ہے۔اور کمپنی کی جانب سے جب مختصر فاصلے پر زور دیا جاتا ہے تو اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ گاڑی سنگل چارج پر 37 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے مجموعی طور پر 62 میل تک ہی سفر کرسکتی ہے۔بنیادی طور پر یہ گاڑی جاپان میں بزرگ افراد کی بڑھتی آبادی کے لیے تیار کی گئی ہے تاکہ وہ گھروں سے کچھ دور اپنے روزمرہ کے کام کرسکیں۔اس گاڑی کا ایک کانسیپٹ ماڈل بھی تیار کیا گیا ہے جو کاروباری اداروں کے لیے ہے جو کہ ایک موبائل آفس کے طور پر بھی کام کرسکے گا۔کمپنی کی جانب سے اس کا کمرشل ماڈل آئندہ سال کسی وقت فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ کانسیپٹ ماڈل بھی ٹوکیو موٹر شو میں رکھا جائے گا مگر اس کی فروخت کے بارے میں کمپنی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔اس شو میں سوزوکی کی جانب سے بھی چند کانسیپٹ گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ان میں سے ایک گاڑی جدت و قدامت کے امتزاج کے ساتھ ہے جسے واکو اسپاؤ کا نام دیا گیا ہے جبکہ دوسری منفرد ڈیزائن کی ہنارے ہے۔سوزوکی واکو اسپاؤ نامی کانسیپٹ گاڑی میں ماضی کی گاڑیوں سے متاثر باڈی دی گئی ہے جو کہ 1960 کی دہائی کی سوزوکی فرنٹی سے متاثر لگتی ہے مگر نئی گاڑی میں کچھ نئے اضافے بھی موجود ہیں۔دوسری جانب ہنارے باکسی وین کانسیپٹ گاڑی ہے جس کی باڈی کافی بڑی نظر آتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.